روم: ایک کارخانے کو توسیع دینے کے کام کے دوران ماہرین آثار قدیمہ نے 2600 سال پرانا قبرستان دریافت کرلیا، جو تاریخی مقبروں اور نایاب خزانوں سے بھرا ہوا تھا۔
یہ واقعہ اٹلی کے شہر گراگنانو میں سامنے آیا، جہاں ایک پاستا تیار کرنے والے کارخانے کو توسیع دی جارہی تھی۔
اس کارخانے کی توسیع کا کام 2025 اور 2026 کے دوران ہوا تھا۔
جولائی میں مقامی حکام کی جانب سے اس ہزاروں سال پرانے قبرستان کی دریافت کا اعلان کیا گیا تھا۔
ماہرین آثار قدیمہ کے تخمینے کے مطابق یہ قبرستان 2600 سال پرانا اور Archaic عہد کا ہے، جو رومی سلطنت کے عروج سے بھی صدیوں سال پہلے کا ہے۔
اس مقام کی کھدائی کے دوران پتھروں سے بنے چیمبرز میں انسانی باقیات، پتھروں کے برتن اور دیگر نوادرات کو دریافت کیا گیا۔
متعدد مقبروں میں ٹیکسٹائل مصنوعات، لکڑی سے بنی اشیا اور باسکٹوں کو بھی دریافت کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس دریافت سے اس عہد میں تدفین کی رسوم، سماجی اداروں اور روزمرہ کی زندگی کے بارے میں علم ہوسکے گا۔
ماہرین نے بتایا کہ وہاں سے ملنے والی اشیا اب بھی بالکل بہترین حالت میں ہے اور ان میں مصری بھونرے، جانوروں کی شکل کے قیمتی پتھر، چاندی اور کانسی کے نوادرات شامل ہیں۔
کارخانے پر کام کرنے والی پاستا کمپنی کے مطابق یہ دریافت ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سے گراگنانو اور پاستا تیار کرنے والی روایات کے درمیان تعلق کا اظہار ہوتا ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو Massimo Menna نے بتایا کہ اس دریافت سے ہمیں فخر اور ذمے داری دونوں کا احساس ہوا۔
محققین کی جانب سے انسانی باقیات پر تحقیق کا کام جاری ہے، تاکہ اس زمانے کے لوگوں کی غذا، جسمانی سرگرمیوں اور طرز زندگی کے حالات کے بارے میں زیادہ علم ہوسکے۔