خامنہ ای کی آخری رسوم میں 4.3 کروڑ افراد نے شرکت کی، ایرانی میڈیا

تہران: ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی 6 روزہ آخری رسوم میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی، جسے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ علی خامنہ ای کی آخری رسوم دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ اور عوامی جلوس تھا۔
رپورٹ کے مطابق تعزیتی تقریبات ایران اور عراق کے پانچ اہم شہروں تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد کی گئیں، جہاں لاکھوں افراد نے مختلف مراحل میں شرکت کی۔
سرکاری آخری رسوم کا آغاز گزشتہ ہفتے تہران کے گرینڈ مصلیٰ مذہبی کمپلیکس سے ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے علی خامنہ ای کے تابوت کی آخری زیارت کی۔ بعدازاں مختلف شہروں میں جنازے اور تعزیتی جلوس نکالے گئے۔
شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین روضہ حضرت امام رضا کے احاطے میں کردی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق لاکھوں افراد نے قومی اور مذہبی قیادت سے اظہارِ عقیدت کے لیے جلوسوں میں شرکت کی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
تاہم ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے شرکا کے اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے، اور اس حوالے سے کسی بین الاقوامی ادارے نے باضابطہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تقریبات ایران کے لیے مذہبی اور سیاسی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتی تھیں جب کہ ان میں عوامی شرکت کو ایرانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد کے اظہار کے طور پر بھی پیش کیا جارہا ہے۔