انگلینڈ اور ویلز میں مئی، جون کی شدید گرمی سے 2700 اموات

لندن: انگلینڈ اور ویلز میں مئی، جون کی شدید گرمی سے ممکنہ طورپر 2700 افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن امپیریل کالج، میٹ آفس اور لندن اسکول آف ہائی جین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے ماہرین نے مئی اور جون کی گرمی سے انگلینڈ اور ویلز میں 2700 شہریوں کی ہلاکت کا اندازہ لگایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 21 تا 29 مئی 550 اور 18 تا 28 جون 2200 افراد ہلاک ہوئے جب کہ جون میں پڑنے والی گرمی نے 50 سالہ ریکارڈ بھی توڑا۔
پروفیسر فیڈی اوٹو کا کہنا ہے کہ زیادہ اموات جون میں ہوئیں، جب درجہ حرارت 37.7 سینٹی گریڈ تک جاپہنچا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مکمل طور پر صحت مند افراد بھی گرمی سے خود کو محفوظ نہ سمجھیں، مستقبل میں گرمی کی لہریں زیادہ عام ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق گرمی کی دونوں لہریں ہیٹ ڈوم کی وجہ سے پیدا ہوئیں، شدید گرمی، دل کے دورے، فالج اور دیگر جان لیوا بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے، شدید گرمی خاموش قاتل ہے جو صحت مند افراد کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔