بیجنگ: چین میں شانجیاباؤ کے قبرستان سے 2,300 سال پرانی شراب پر مشتمل ایک محفوظ شدہ جار دریافت ہوا ہے۔
یہ شراب ’کِن گریٹ وال‘ (Qin great wall) سے 2 کلومیٹر دور شانجیاباؤ کے قبرستان سے دریافت ہوئی۔ کِن گریٹ وال دراصل موجودہ دیوارِ چین کا بنیادی حصہ ہے، جس کا ذکر سابق چینی رہنما ماؤزے تُنگ نے اکتوبر 1935 میں ریڈ آرمی کے لانگ مارچ کے دوران گیوان، گانسو میں لیوپن پہاڑوں سے گزرتے ہوئے ایک نظم میں کیا تھا۔
کِن گریٹ وال کی تاریخ 2,300 سال پرانی ہے۔ یہ چین میں تعمیر ہونے والی قدیم ترین عظیم دیواروں میں سے ایک ہے۔
جرنل آف آرکیالوجیکل سائنس کے شمارے میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق قدیم متحارب ریاستوں کے دور کا یہ جار مکمل طور پر مہربند اور اب تک چمک دار رہا ہے۔
نارتھ ویسٹ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی امیدوار اور مطالعہ کے پہلے مصنف چن رورو نے لکھا کہ یہ مطالعہ قدیم لوگوں کے اناج کے استعمال اور پینے کی تکنیکوں کی واضح تفہیم کو ظاہر کرتا ہے۔