اسلام آباد: کورونا وائرس کی تیسری لہر روز بروز سنگین شکل اختیار کرتی چلی جارہی ہے، اس وبا سے ایک دن میں مزید 78 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 50 ہزار تک جاپہنچی۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ 97 ہزار 32 ہوگئی۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 757 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 433، پنجاب میں 2 لاکھ 20 ہزار 392، خیبر پختونخوا میں 87 ہزار 55، اسلام آباد میں 57 ہزار 833، بلوچستان میں 19 ہزار 557، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 663 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 50 ہزار 397 ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 78 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 14 ہزار 434 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 848 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 3 ہزار 126 ہوگئی۔