آرمی چیف کے نوٹس اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے چھٹی کی درخواست واپس لینے کا مشروط فیصلہ کرلیا۔ سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کراچی واقعے پر نوٹس لینے اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر اور دیگر اعلیٰ رینک افسران کی جانب سے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر آرمی چیف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔آرمی چیف کی جانب سے تحقیقات کا حکم دینے پر آئی جی سندھ نے ماتحت افسران کو بھی 10 روز کےلیے چھٹیوں کی درخواست موخر کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ پولیس کی جانب سے چھٹیاں موخر کرنے کا فیصلہ آرمی چیف کے نوٹس اور بلاول کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔سندھ پولیس کی جانب سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کے آئی جی ہاؤس آنے اور اظہار یکجہتی پر مشکور ہیں،
ہم آرمی چیف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پولیس فورس کی دل شکنی کا احساس کیا۔
خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اور گرفتاری کیلئے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر آج انسپکٹر جنرل ( آئی جی) سندھ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔