Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
بلاگ

باپ کی آخری خواہش

شیئر کریں
باپ کی آخری خواہش

محمد راحیل وارثی

شام کا دھندلکا اتر رہا تھا اور مسجدِ کے باہر ٹھنڈی ہوا کے جھونکے روح کو کپکپا رہے تھے۔ قریب ہی ایک بوڑھا شخص، جس کا نام عبداللہ تھا، دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھا تھا۔ اس کی آنکھوں میں ویرانی تھی اور جھریوں بھرے چہرے پر برسوں کی بھوک اور محرومی کے آثار صاف نمایاں تھے۔

عبداللہ کا ایک ہی بیٹا تھا حماد۔ جو اس بڑھاپے کا واحد سہارا بن سکتا تھا، مگر جوانی کے نشے اور دنیا کی چکاچوند میں وہ ایسا کھویا کہ باپ کو پرایا کرگیا۔ بڑے شہر کی اونچی عمارتوں میں رہنے والے حماد نے کبھی مُڑ کر یہ بھی نہ دیکھا کہ بوڑھا باپ دو وقت کی روٹی کے لیے کن عذابوں سے گزر رہا ہے۔ "بابا! بھوک لگی ہے، کچھ لادیں…”

محلے کا ایک یتیم بچہ، ننھا احمد، اکثر عبداللہ کے پاس آ بیٹھتا تھا۔ عبداللہ نے اپنی خالی جیبوں میں ہاتھ ڈالا۔ کچھ نہ تھا۔ آج پورا دن گزر گیا تھا، کسی نے ایک لقمہ تک نہ پوچھا تھا۔ اس کی اپنی آنکھوں سے آنسو کا ایک قطرہ نکلا اور اس کی سفید داڑھی میں جذب ہوگیا۔ اس نے احمد کے سر پر محبت سے ہاتھ پھیرا اور بھرائی ہوئی آواز میں بولا: "بیٹا، آج رب کریم نے ہمارے روزے کا وقت کچھ زیادہ ہی لمبا کردیا ہے… صبر کرو، شاید افطار عرش پر ہی ہو۔”

دوسری طرف، شہر کے ایک پرتعیش فائیو اسٹار ہوٹل کے آرائش زدہ کمرے میں حماد میز پر بیٹھا تھا۔ سونے چاندی کے ظروف میں طرح طرح کے لذیذ کھانے سجے تھے۔ اس کے سامنے دوست بیٹھے قہقہے لگارہے تھے، جام چھلک رہے تھے۔ حماد نے غرور سے بھری مسکراہٹ کے ساتھ ایک قیمتی نوالہ منہ میں ڈالا ہی تھا کہ اچانک اس کے ہاتھ کی جنبش رک گئی۔

ایک عجیب سی کسک، ایک نامعلوم گھٹن نے اس کے سینے کو جکڑ لیا۔ اس کے کانوں میں اچانک اپنے بوڑھے باپ کی وہ کمزور آواز گونجی جو اس نے گھر چھوڑتے وقت کہی تھی: "بیٹا! پیٹ کی آگ تو روٹی سے بجھ جاتی ہے، مگر اولاد کی بے رخی کی آگ قبر تک نہیں بجھتی…”

حماد کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ اس کے ہاتھ سے نوالہ چھوٹ کر پلیٹ میں گر گیا۔ دوستوں نے پوچھا، "ارے حماد! کیا ہوا؟ اتنی شان دار پارٹی میں ایسے اداس کیوں ہوگئے؟” حماد نے کانپتے ہوئے لہجے میں کہا، "مجھے… مجھے فوراً گھر جانا ہے۔ میرے والد… میرے والد بھوکے ہوں گے۔” دوست ہنس پڑے، "ارے یار، وہ بوڑھا تو کسی کونے میں پڑا ہوگا، اتنی رات گئے کیوں موڈ خراب کرتے ہو؟”

مگر حماد اٹھ کھڑا ہوا۔ اس کے پیر زمین پر جم نہیں رہے تھے۔ گاڑی کی اسٹیئرنگ پر اس کے ہاتھ اس طرح کانپ رہے تھے جیسے کوئی مجرم پھانسی کے تختے کی طرف جارہا ہو۔ اس کے دل میں ایک ان کہی چیخ گونج رہی تھی: یااللہ! بس میرے والد کو زندہ سلامت رکھنا… میں ان کے قدموں میں گر کر معافی مانگ لوں گا!

گھر پہنچ کر اس نے دروازہ کھولا تو اندھیرا اور سناٹا اس کا استقبال کرنے لگا۔ کمرے میں باپ کا پرانا بستر خالی پڑا تھا۔ ایک بوسیدہ جائے نماز ابھی تک بچھی ہوئی تھی، جس پر تسبیح کے دانے بکھرے ہوئے تھے۔ حماد نے دیوانہ وار پکارا: "بابا! بابا! میں آگیا ہوں…”

کوئی جواب نہیں آیا۔ وہ بھاگتا ہوا محلے کی اسی مسجد کی طرف دوڑا جہاں اکثر اس کا باپ جایا کرتا تھا۔ مسجد کے دروازے پر لوگوں کا مجمع لگا تھا۔ حماد کا کلیجہ منہ کو آرہا تھا۔ وہ لوگوں کو چیرتا ہوا اندر داخل ہوا۔ سامنے صفِ اول میں، منبر کے قریب، ایک جنازہ رکھا تھا۔ پیش امام صاحب کی ہچکیاں بندھی ہوئی تھیں اور وہ لوگوں کو بتارہے تھے: "بھائیو! یہ عبداللہ صاحب کا جنازہ ہے۔ بڑی خاموش اور پرسکون موت ملی ہے۔ جب آخری وقت میں ان کے پاس جا کر کلمہ پڑھایا گیا تو ان کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی اور آنکھ سے آنسو جاری تھا۔ پوچھنے والوں سے انہوں نے صرف اتنا کہا تھا… میرا اللہ بہت غفور و رحیم ہے، اس نے مجھے آج بھی بھوکا نہیں سونے دیا… بس، میرے بھٹکے ہوئے بیٹے کو ہدایت دے دینا…”

حماد یہ سنتے ہی زمین پر ایسے گرا جیسے اس کی روح جسم سے پرواز کر گئی ہو۔ وہ لپک کر باپ کے بے جان جسم سے لپٹ گیا اور پھوٹ پھوٹ کر بچوں کی طرح بلکنے لگا۔ اس نے باپ کے سرد ہاتھوں کو اپنے چہرے سے لگایا، جنہیں چومتے ہوئے اس کے آنسوؤں سے کفن بھیگ گیا۔ "بابا! اٹھ جاؤ نا!… دیکھو میں آگیا ہوں! تمہارا پسندیدہ کھانا لایا ہوں! اب کبھی تمہیں اکیلا نہیں چھوڑوں گا بابا!… مجھ گنہگار کو معاف کردو…” مگر اب جواب دینے والا جا چکا تھا۔

اس رات حماد کی زندگی بدل چکی تھی۔ اس نے اپنے تمام محلات، دولت اور غرور کو ٹھوکر مار دی اور اپنا سب کچھ غریبوں، یتیموں اور بے سہاروں کے نام کردیا۔ وہ اب ہر روز اسی مسجد کے دروازے پر بیٹھتا، آنے جانے والے بوڑھوں اور مسکینوں کے قدموں میں بیٹھ کر ان کی خدمت کرتا اور رو رو کر اپنے رب سے ایک ہی دعا مانگتا: "یااللہ! میرے والد کے درجات بلند فرما اور مجھے معاف کر دے… کہیں ایسا نہ ہو کہ تیرا انصاف میری لاپروائی کا فیصلہ سنادے!”

یاد رکھیں، والدین کی دعاؤں کے بغیر دنیا کی ہر دولت ایک بدتر عذاب ہے۔ وقت ہاتھ سے نکل جائے تو صرف سسکیاں اور پچھتاوے باقی بچتے ہیں۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/a-fathers-last-wish/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں