مولانا طارق جمیل کو کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں، عمران عباس
کراچی: مقبول اداکار عمران عباس نے مولانا طارق جمیل کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔
عمران عباس کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مولانا طارق جمیل ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔ آپ کو ان لوگوں سے معافی مانگنے یا انہیں وضاحت دینے کی ضرورت نہیں جو آپ کے پیغام کو غلط انداز میں پیش کررہے ہیں۔ اللہ آپ کا ساتھ دے۔ عمران عباس نے مولانا طارق جمیل کے ساتھ اپنی تصویر بھی ٹوئٹ کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا وائرس کے متاثرین کی امداد کے لیے کی گئی احساس ٹیلی تھون میں مولانا طارق جمیل کے میڈیا کے حوالے سے بیان پر سخت ردّعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے مختلف میڈیا اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان کی وضاحت کی تھی اور دل آزاری کی صورت میں معافی بھی مانگی تھی۔