قلندرز اور سلطانز کامیاب، کوئٹہ کا اسلام آباد سے آج اہم مقابلہ!
ابوظبی: پاکستان سپرلیگ 6 کے اہم مقابلے میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔ کوئٹہ کو ٹورنامنٹ میں اپنی بقا کے لیے اس مقابلے میں جیت کی لازمی ضرورت ہے، ہار کی صورت میں اُس کے لیے مزید مشکلات کھڑی ہوجائیں گی۔
گزشتہ روز پی ایس ایل 6 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 171 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پشاور زلمی حاصل نہ کرپائے۔
پی ایس ایل 6 کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پشاور زلمی نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، لاہور قلندرز کے راشد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 شکار کیے۔ پشاور زلمی کی جانب سے شعیب ملک 73 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ عمید آصف 23 رنز بناسکے۔
ابتدا میں شدید مشکلات کے باوجود لاہور نے شاندار کم بیک کیا۔ قلندرز کے چار بلے باز 50 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ ٹم ڈیوڈ اور بین ڈنک نے 81 رنز کی شراکت قائم کی۔
ٹم ڈیوڈ نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ بین ڈنک 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پشاور کی جانب سے فیبین ایلن نے 2، وہاب ریاض، محمد عرفان، عمید آصف اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ کراچی کی ٹیم 177 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 164 رنز بناسکی۔ بابر اعظم کی 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز رائیگاں گئی۔ ملتان سلطانز کے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔