وائٹ ہاؤس حملہ اور عالمی ردعمل

مہروز احمد

واشنگٹن ڈی سی میں واقع وائٹ ہاؤس کے اندر کوریسپونڈنٹ ڈنر کے دوران پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ محض ایک سیکیورٹی ناکامی نہیں بلکہ جدید عالمی سیاست، بڑھتی ہوئی بے یقینی اور سیاسی تشدد کے رجحانات کی ایک تشویشناک علامت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام ایک اہم تقریب میں شریک تھے۔ اچانک فائرنگ کی آوازوں نے پورے ہال کو ہلا کر رکھ دیا اور سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صدر اور دیگر اہم شخصیات کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور کو موقع پر ہی قابو کر کے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مختلف میڈیا رپورٹس میں متضاد دعوے بھی سامنے آئے، جن میں بعض نے اس کی ہلاکت کی خبر دی، تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے خود اس بات کی تصدیق کی کہ حملہ آور زندہ گرفتار ہے۔ یہ صورت حال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہنگامی حالات میں معلومات کی ترسیل اور میڈیا کی ذمے داری کتنی اہم ہوجاتی ہے، کیونکہ غیر مصدقہ اطلاعات نہ صرف عوامی بے چینی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر غلط فہمیاں بھی پیدا کرتی ہیں۔ یہ واقعہ اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ یہ وائٹ ہاؤس جیسے انتہائی محفوظ اور حساس مقام کے اندر پیش آیا، جہاں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اس سے یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور سخت ترین حفاظتی اقدامات کے باوجود ایسے واقعات کیسے رونما ہوسکتے ہیں۔ سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا، جس سے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ خطرات اب پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور غیر متوقع ہو چکے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ صدارت کا منصب دنیا کے خطرناک ترین عہدوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات انہیں اپنے سیاسی اور عالمی مؤقف، خصوصاً ایران جیسے حساس معاملات پر سخت مؤقف اختیار کرنے سے نہیں روک سکتے۔ ان کے مطابق بعض عناصر سیاسی اختلافات کو تشدد میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔ یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام، مشرق وسطیٰ میں اثر و رسوخ اور امریکی پابندیوں جیسے معاملات دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی حالیہ سخت بیانات اور ایران کو دی جانے والی دھمکیاں پہلے ہی عالمی سطح پر تشویش کا باعث تھیں اور اب اس واقعے نے صورت حال کو مزید حساس بنادیا ہے۔ عالمی برادری، خصوصاً پاکستان سمیت کئی ممالک نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر اور دیگر شرکاء کی سلامتی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کا تشدد نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ یہ سفارتی تعلقات اور عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ہے۔ اس ردعمل سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان خود کو ایک ذمے دار ریاست کے طور پر پیش کررہا ہے، جو امن اور استحکام کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حملہ آور کا تعلق ریاست کیلیفورنیا سے ہے اور اس کی شناخت 31 سالہ کول ٹامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق وہ ایک تعلیم یافتہ شخص تھا اور تدریسی و تکنیکی شعبوں سے وابستہ رہا ہے۔ اس کے باوجود اس نے اس قدر سنگین اقدام کیوں کیا، اس بارے میں ابھی تک کوئی واضح محرک سامنے نہیں آیا۔ یہ پہلو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ جدید معاشروں میں ذہنی دباؤ، سیاسی انتہا پسندی اور سماجی عدم توازن کس طرح خطرناک نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ واقعہ صرف ایک فرد یا ایک واقعے تک محدود نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اس رجحان کی عکاسی کرتا ہے جہاں سیاسی اختلافات بتدریج تشدد میں تبدیل ہورہے ہیں۔ امریکا، جو خود کو جمہوریت اور امن کا علمبردار سمجھتا ہے، وہاں اس طرح کا واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ کوئی بھی معاشرہ اندرونی خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں۔مزید برآں، یہ واقعہ سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ایک لمحۂ فکریہ ہے۔ وائٹ ہاؤس جیسے حساس مقام پر اس نوعیت کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ موجودہ حفاظتی نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ساتھ، یہ بھی ضروری ہے کہ انفرادی سطح پر ذہنی صحت، سماجی انصاف اور سیاسی برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ صدر ٹرمپ کا یہ بیان کہ وہ نارمل زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایسے خطرات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچنا چاہتے، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اعلیٰ سیاسی قیادت کو روزانہ غیر معمولی خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایسے واقعات کو اپنی پالیسیوں سے پیچھے ہٹنے کا سبب نہیں بننے دیں گے، جو ان کے سخت سیاسی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔ آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ وائٹ ہاؤس کا یہ واقعہ نہ صرف امریکا کے اندرونی سیکیورٹی نظام کے لیے ایک چیلنج ہے بلکہ عالمی سیاست کے لیے بھی ایک وارننگ ہے۔ یہ واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ دنیا میں امن صرف طاقت سے نہیں بلکہ مکالمے، برداشت اور سفارتی توازن سے قائم رہ سکتا ہے۔ اگر عالمی طاقتیں اس حقیقت کو تسلیم کر لیں تو شاید ایسے واقعات میں کمی آ سکے۔ موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام ممالک مل کر نہ صرف دہشت گردی اور سیاسی تشدد کے خلاف متحد ہوں بلکہ عالمی سطح پر ایک ایسا ماحول پیدا کریں جہاں اختلاف رائے کو دشمنی میں تبدیل نہ کیا جائے۔ یہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے دنیا کو مزید محفوظ، مستحکم اور پرامن بنایا جا سکتا ہے۔