لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ہاؤس آف لارڈز کے نئے ارکان کے ناموں کا اعلان کردیا ہے، جن میں لندن کے میئر صادق خان کا نام بھی شامل ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی سفارش پر شاہ چارلس سوم نے نئی نامزد شخصیات کو تاحیات لارڈ (Life Peer) بنانے کی منظوری دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
اس فیصلے کے بعد صادق خان برطانیہ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز کے رکن بن جائیں گے، جہاں انہیں قانون سازی، قومی پالیسیوں اور اہم عوامی معاملات پر بحث میں حصہ لینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
صادق خان مسلسل تین مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہونے والے نمایاں سیاست دان ہیں۔ وہ برطانوی سیاست میں پاکستانی نژاد مسلم رہنما کے طور پر ایک اہم مقام رکھتے ہیں اور اس سے قبل انہیں نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق نئی نامزدگیوں کا مقصد مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو قومی سطح پر اعزاز دینا ہے۔
ہاؤس آف لارڈز اس وقت قریباً 774 ارکان پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بڑے قانون ساز ایوانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایوانِ بالا برطانوی پارلیمنٹ کا اہم حصہ ہے، جہاں قانون سازی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور مختلف قومی معاملات پر بحث کی جاتی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق صادق خان کی لارڈشپ نہ صرف ان کے سیاسی کیریئر میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ برطانیہ میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کے لیے بھی ایک نمایاں اعزاز تصور کی جارہی ہے۔