مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اعلان کیا ہے کہ سیاست کے نام پر انتشار پھیلانے والوں سے اب کسی قسم کی بات نہیں ہوگی۔
اپنے بیان میں فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ بخوبی اندازہ ہے ریاست میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو اصل تکلیف کس بات کی ہے، مخصوص سیاسی جتھے اور ٹرولز آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر طالبان خارجیوں کے حامی ہیں، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ماضی میں ہونے والے تمام مذاکرات کا گواہ ہوں، غیر سیاسی اور غیر پارلیمانی گروپ نے بارہا کوششوں کے باوجود مذاکرات کی میز پر آنے سے انکار کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی کے لیڈروں کے بیانات ریکارڈ پر ہیں، وہ ریاست پر دھاوا بولنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ریاست پُرامن احتجاج کا حق دیتی ہے لیکن بلیک میلنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انسانی و سیاسی حقوق اور مراعات میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے کہیں آگے ہے، بجلی اور آٹے کی سستی قیمتوں کی مثال دیکھ کر منافقین کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا، کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔