اسلام آباد: عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث خام تیل اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے جب کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مقامی ٹیکسز اور مارجنز کا بڑا حصہ شامل ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فی لیٹر پٹرول پر مجموعی طور پر 108 روپے 67 پیسے مقامی ٹیکسز اور مارجنز عائد ہیں جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر 96 روپے 86 پیسے کے مقامی ٹیکسز اور مارجنز وصول کیے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی کو حاصل دستاویزات کے مطابق پٹرول پر 80 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی اور 5 روپے کلائمیٹ لیوی عائد ہے، اس کے علاوہ 7 روپے 16 پیسے فی لیٹر فریٹ ریٹ، 7 روپے 87 پیسے او ایم سی کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔
اسی طرح ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے پٹرولیم لیوی اور 5 روپے کلائمیٹ لیوی وصول کی جارہی ہے جب کہ 4 روپے 53 پیسے فی لیٹر فریٹ ریٹ، 7 روپے 87 پیسے او ایم سی مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن بھی قیمت کا حصہ ہیں۔