ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی پہلی جیت

پرتھ: ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کو پہلی نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ابتدا سے ہی پاکستانی گیند بازوں نے انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 90 رنز بناسکی، کولن ایکرمین نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے جب کہ اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیفن مائیبرگ 6، میکس او ڈاؤڈ 8، ٹام کوپر 1، ٹم پرنگل 5، فریڈ کلاسن صفر جب کہ لوگن وین بیک نے 7 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، محمد وسیم جونیئر نے 2 جب کہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، قومی ٹیم نے ہدف 14 ویں اوور میں 4 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔ کپتان بابراعظم ایک بار پھر 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر محمد رضوان 49 بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں قومی کرکٹرز نے رن ریٹ بہتر کرنے کے بجائے سنگل ڈبل پر فوکس کیا، شان مسعود نے 16 گیندوں پر 12 جب کہ افتخار احمد نے 5 رنز اسکور کیے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے برینڈن گلوور نے دو جب کہ پال وین میکرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

NatherlandPakistan first winT20 worldcup