مائیکل جیکسن کی بائیوپک میں مرکزی کردار بھتیجا ادا کرے گا

لاس اینجلس: پاپ موسیقی کی دُنیا کے شہنشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی کی کہانی پر مبنی بائیوپک ’مائیکل‘ کی پروڈکشن کا آغاز امسال ہوگا۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔
لائنس گیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ فلم ’مائیکل‘ میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا، فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی، جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا آئیکون بنادیا۔

ہالی وُڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایت کاری کے فرائض نبھائیں گے جب کہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔
فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کے لیے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں، فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کرسکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔
دھیان رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔
خیال رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا تبھی انہیں کنگ آف پاپ گردانا جاتا ہے۔

BiopicKing of PopLead roleMichael JacksonNephew Jaffer Jackson