کراچی: میئر مرتضیٰ وہاب نے لیگی رہنما خرم دستگیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی غریب پرور شہر ہے اور میں چاہوں گا ہنزہ بھی کراچی جیسا بنے۔
گلگت بلتستان الیکشن مہم کے دوران کراچی اور لاہور کی ترقی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کو جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیگی رہنما ہنزہ میں الیکشن مہم میں کہہ رہے تھے کہ ہنزہ لاہور جیسا ہو یا کراچی جیسا ہو، خرم دستگیر کہہ رہے تھے 5 سال میں گلگت بلتستان پنجاب جیسا ہو یا صوبہ سندھ جیسا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاری آتی ہے تو حکومت عوام کے ساتھ کھڑی رہتی ہے جب کہ مشکل حالات میں پنجاب حکومت نظر آئے نہ آئے چیئرمین پی پی عوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 21 لاکھ گھر سیلاب متاثرین کے لیے بنائے جارہے ہیں جن میں سے 12 لاکھ گھر سیلاب سے متاثرہ افراد کے سپرد کرچکے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لاہور کا موازنہ کرتے ہیں کراچی شہر سے، کراچی تو غریب پرور شہر ہے، کراچی تو وہ شہر ہے جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے لوگ آتے ہیں، کراچی غریبوں کی مدد کرتا ہے، میں تو چاہوں گا کہ ہنزہ کراچی جیسا بنے اور ملک کی خدمت کرے، لوگوں کو کھوکھلے دعوؤں کی طرف جانے کے بجائے درست حکمت عملی کی طرف جانا چاہیے۔