سندھو دیش کا نعرہ غداری نہیں لیکن سندھ میں نیا صوبہ بنانا غداری ہے، خالد مقبول

ڈیلس: ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھو دیش کا نعرہ غداری نہیں لیکن سندھ میں نیا صوبہ بنانا غداری کہا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے ڈیلس میں اسٹینڈ ود پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے، لسانی نہیں، انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہئیں، ڈسٹرکٹ اور ڈویژن بڑھ سکتے ہیں تو صوبے کیوں نہیں بڑھ سکتے؟
انہوں نے کہا کہ سندھو دیش کا نعرہ غداری نہیں، سندھ میں نیا صوبہ بنانا غداری کہا جاتا ہے، کراچی قومی اور صوبائی معیشت میں سب سے بڑا حصہ دیتا ہے، کراچی کے وسائل پر کراچی کا اختیار نہ ہونے کے برابر ہے، سندھ میں ایک طبقہ بجٹ بناتا ہے اور دوسرا اسے خرچ کرتا ہے جب کہ مردم شماری میں کراچی کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔
چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ ٹریڈ ڈیفیسٹ سے زیادہ ٹرسٹ ڈیفیسٹ ہے، آئی ایم ایف حکومت بچاسکتا ہے، ملک نہیں، 18ویں ترمیم نے اختیارات وفاق سے صوبوں تک پہنچائے، عوام تک نہیں، پاکستان طاقت سے نہیں، انصاف سے قائم رہ سکتا ہے۔