وزیراعظم سے گورنر سندھ کی ملاقات، کراچی ترقیاتی منصوبوں پر کل اجلاس طلب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی اہم ملاقات، صوبہ سندھ کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں وفاقی حکومت کے مکمل شدہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کے لیے وزیراعظم آفس میں عمران خان سے خصوصی ملاقات کی،

وزیراعظم نے کراچی کے عوام کی سہولت کے لیے مکمل ہونے والے منصوبوں پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں میں گورنر سندھ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مجھے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو دیگر منصوبے بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ دریں اثنا، وزیراعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے کل اجلاس طلب کرلیا ہے۔