کراچی: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سندھ میں گندم چوری کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق نیب سکھر کو محکمہ خوراک سندھ کے 2 مقدمات کی تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوان عناصر سے سرکاری فنڈز برآمد کر کے خزانہ میں جمع کرائے جائیں۔
یاد رہے سندھ حکومت نے گندم چوری اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک اور چیف سیکریٹری نے گندم خورد برد سے متعلق لکھا تھا کہ محکمہ خوراک کراچی کے گودام میں 1 لاکھ 72 ہزار بیگز کی خورد برد ہوئی جس سے 500 ملین سے زائد کا نقصان ہوا جب کہ سندھ میں ایک لاکھ 68 ہزار گندم کی بوریاں خورد برد ہوئیں، جو محکمہ خوراک کراچی کے گودام کے سوا ہیں۔