پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گی ، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک حکومت کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گی، یہ عوامی تحریک ہے جو ایسے نہیں رکے گی۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے کی وجہ سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے ،ہماری یہ تحریک حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی بلکہ یہ حکومت اب خود جانے والی ہے،کیوں کہ اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہی ہے،اسی لیے مریم نواز ہو یا کوئی اور ہو یہ تحریک کبھی رکنے والی نہیں ہے۔ کیا کبھی سنا ہے کسی جلسے پر 3، 3 ہزار ایف آئی آر کاٹی گئی ہوں ، لیکن ان کی ایف آئی آر کہیں سٹینڈ نہیں کرتیں،جب کہ قانون اور آئین کی باتیں اس حکومت کو زیب ہی نہیں دیتیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام پی ڈی ایم اور نواز شریف کی طرف دیکھتے ہیں،اسی لیے پی ڈی ایم میں تمام آپشن زیر غور ہیں کچھ چیزوں پر پہلے ہی کافی بات چیت ہوچکی ہے اور اس حوالے سے آج کا اجلاس انتہائی اہم ہے۔