اورنج جوس نہ دینے پر بیٹے نے ماں کو قتل کردیا
امریکہ: بیٹے نے معمولی تلخ کلامی پر اپنی والدہ کو گولیوں سے بھون دیا، ملزم نے خود کو بھی مارنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 29 سالہ لوئس پیجر نے پولیس ہیلپ لائن 911 کو فون کیا اور بتایا کہ اس نے اپنی 59سالہ ماں مریم گونزالیز کو گولی مار کر قتل کردیا ہے مجھے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دو۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بیٹے نے اپنی ماں کو محض اس بات پر فائرنگ کرکے مار دیا کہ اس نے اسے فریج سے جوس نکال کر پینے سے منع کردیا تھا۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوئس پیبجر بے روزگار تھا اور روزانہ روزگار کی تلاش میں اپنی ماں کی کار لے جاتا تھا، وقوعہ والے روز اس نے ماں سے کار کی چابی مانگی جس کا اس کی ماں نے منع کردیا۔رپورٹ کے مطابق ملزم نے فریج میں سے جوس نکال کر پینا چاہا جس پر اس کی ماں نے پھر اعتراض کیا، کچھ دیر بعد جب اس نے اپنی والدہ سے اے سی کا ریموٹ کنٹرول مانگا تو ماں نے پھر انکار کیا اور غصے میں اس کو چاقو دکھایا جس پر وہ مشتعل ہوگیا۔ملزم لوئس پیجر نے طیش میں آکر پستول نکال لی اور جنونی کیفیت میں اپنی ماں پر فائرنگ کرتا چلا گیا، اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مارنے کی کوشش کی لیکن پستول میں گولیاں ختم ہوچکی تھیں۔