کراچی: پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ زویا ناصر کے قریبی جرمن یوٹیوبر دوست کرسٹین بیٹزمین مشرف بہ اسلام ہوگئے۔
جرمن یوٹیوبر کرسٹین بیٹزمین نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بارے میں بتایا۔
کرسٹین بیٹزمین کے اسلام قبول کرنے پر ان کے پاکستانی مداحوں کی جانب سے انہیں خوب دعائیں دی جارہی ہیں جب کہ اداکارہ زویا ناصر بھی دوست کے اس فیصلے سے بہت خوش دکھائی دے رہی ہیں۔
کرسٹین بیٹز مین کے مطابق انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں یوٹیوب چینل بنایا تھا جس کے بعد انہوں نے تقریباً ایک سال پاکستان میں گزارا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال کے دوران میں بے شمار بہترین لوگوں سے ملا جنہوں نے مجھے مذہب اور طرز زندگی کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا۔
یوٹیوبر نے مزید کہا کہ یورپ میں پلے بڑے ہونے کی وجہ سے اسلام لفظ کو ہمیشہ منفی، جنگ اور دہشت گردی سے ہی جوڑا جاتا تھا لیکن میں کبھی بھی ایک مذہبی شخص نہیں تھا تو مجھے ان لوگوں کی سوچ سے فکر نہیں ہوتی تھی۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور مجھے اس مذہب کے ساتھ گہرا تعلق محسوس ہوا ہے۔