ظل شاہ کی ہلاکت حادثے سے ہوئی، واقعے کے ذمے دار گرفتار

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مقتول کارکن کو اسپتال چھوڑ کر جانے والے نوجوانوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ علی بلال کی موت حادثے کے باعث ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق دو رکنی تفتیشی ٹیم نے علی بلال کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والے دونوں افراد اور گاڑی کے مالک راجہ شکیل زمان کو حراست میں لے کر کالے رنگ کی ویگو قبضے میں لے لی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عمر اور جہانزیب کے نام سے ہوئی۔ پولیس دعوے کے مطابق زیر حراست افراد نے بتایا کہ علی بلال کی ہلاکت حادثے کی وجہ سے ہوئی، واقعہ فورٹریس اسٹیڈیم برج پر پیش آیا۔
ظل شاہ پولیس گاڑی سے نکل کر فورٹریس پل کی طرف بھاگا تو ویگو ڈالے سے ٹکرا گیا۔ زخمی ظل شاہ کو ویگو ڈالے پر سی ایم ایچ اسپتال لے جایا گیا، اس کے بعد سروسز اسپتال پہنچایا گیا، اس دوران اس کی موت واقع ہوئی۔
پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل پی ٹی آئی کارکن کی مبینہ طور پر پولیس تشدد سے ہلاکت ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتول کارکن پر تشدد ثابت ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کارکن کو جب اسپتال لایا تو اُس کی موت ہوچکی تھی جبکہ اُس کے سر پر گہری چوٹ تھی اور کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثر تھا، اس کے علاوہ جسم کے نازک اعضا پر بھی بدترین تشدد کے نشانات تھے۔

Ali BilalCause of Death AccidentDeathDriver ArrestPTI WorkerZille Shah