یوم شہدائے پولیس!

اسلام آباد/ کراچی: آج ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے، جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
ملک کے طول و عرض میں یوم شہدا پولیس کے حوالے سے مختلف تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، سندھ پولیس کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات اور شاہراہوں کو شہدا کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔
کراچی پولیس نے یوم شہدا پر ترانہ جاری کردیا۔ ترانے میں کراچی پولیس کے آٹھ سو ستتر شہیدوں کی فیملیز سے اظہار یکجہتی کیا گیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی روشنیاں پولیس جوانوں کی شہادت کا ثمر ہیں۔


یوم شہدا پولیس کے سلسلے میں بنوں پولیس لائن میں یادگار شہدا پر کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسف زئی، ڈی آئی جی ریجن عبدالغفور آفریدی اور ڈی پی او وسیم ریاض نے حاضری دی۔ افسران نے شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے، اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی اور ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ اس سے قبل ڈی پی او وسیم ریاض شہدائے پولیس کے ورثا سے ملے اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔
اہم مقامات پر شہدائے پولیس کی تصاویر اور ان کی قربانیوں کی داستانوں پر مبنی خصوصی پورٹریٹ، پوسٹر اور بینرآویزاں ہیں، مساجد میں ختم القرآن، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات مختلف تھانہ جات میں جاری ہیں۔
گلگت بلتستان پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج اسکردو میں یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے، جس کا مقصد شہدائے پولیس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

PakistanYoum e shuhda e Police