یوم استحصال: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ٹرین مارچ اور ریلیاں!

اسلام آباد: مقبوضہ جموں و کشمیر کی غیر آئینی طور پر حیثیت بدلنے کا ایک سال مکمل ہونے پر مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کے خلاف پاکستان بھر میں یوم استحصال منایا جارہا ہے، قوم شہر شہر قریہ قریہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر وزیر خارجہ شاہ محمود کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، سینیٹرز اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شرکا نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ریلی عوام کا کشمیر سے متعلق ریفرنڈم ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیر اطلاعات شبلی فراز کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف مکاتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔


کراچی میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے تحریک انصاف نے سکھر تک ٹرین مارچ کیا، شرکا کشمیر کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مودی کا بدترین چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا وزیراعظم نے جو کشمیر کا نقشہ جاری کیا ان شاء اللہ وہی حقیقی نقشہ بنے گا۔


مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء کا کہنا تھا آزادی مانگنے پر بھارت نے کشمیر میں قتل عام کیا، بھارتی ظلم و جبر کو نہ روکا گیا تو خونی لکیر توڑ دیں گے، آج مقبوضہ کشمیر پہلے سے بھی زیادہ لہو لہو ہے، کشمیری کسی بھی قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا بھارت نے اسرائیل سے سیکھا کیسے ڈیمو گرافی کو بدلا جائے، انڈیا نے اسرائیل سے ظلم سیکھا، کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کیا، بھارت نے ظلم کرنے کے لیے اسرائیل سے ٹیکنالوجی لی۔


انہوں نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے، کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے معیشت کو نقصان پہنچا، بھارت نے شملہ وفد سمیت کسی معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا امن کے پیغام کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے امن قائم رکھنے کے لیے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا، کشمیر بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آپ کی تکالیف کا احساس ہے، کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم سے دنیا بے خبر نہیں، نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا دنیا بھر میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا، وزیراعظم بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑرہے ہیں، بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرائض میں شامل ہے، کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالحکومت تک لے کر جاؤں گا، غاصبوں کو غلط فہمی ہے کہ جبر سے کشمیریوں کی آواز دبالیں گے،4 ماہ کے لاک ڈاؤن سے دنیا کی چیخیں نکل گئیں۔

بھارتپاکستانٹرین مارچریلیاںمقبوضہ کشمیریوم استحصال