کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج 5 اگست ہے اور آج کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا تھا اور ہم نے آج کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کورونا ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے لان میں ریلی کا انعقاد کیا ہے۔ ریلی کا انتظام کمشنر کراچی نے کیا۔
ریلی میں صوبائی وزراء، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ ندیم انجم، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار چوہدری اور دیگر اعلیٰ افسران اور معزر افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کے لان میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرائے گئے، ریلی کے شرکاء نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا، ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کی تصاویر اٹھا کر واک کی۔ ریلی سے قبل کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کی شروعات قومی ترانے اور کشمیری نغمے سے کی گئی۔ ریلی کے تمام شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے ہاتھ میں اٹھا رکھے تھے۔