اسلام آباد: پاک بحریہ نے عالمی یوم بحر 2020 کی مناسبت سے ڈاکومینٹری ریلیز کردی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے ذریعے علاقائی سمندری تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ڈاکومینٹری میں بحری شعبے کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس دستاویزی فلم میں ملکی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ڈاکومینٹری میں پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت اور اس سے منسلک معاشی پہلوؤں کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے ملک میں بحری شعبے کی ترقی ناگزیر ہے۔ سمندری تحفظ کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے ساتھ بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ پاک بحریہ سمندری شعبے کی ترقی بالخصوص جہاز رانی کی صنعت کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔