ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کرکٹ بورڈز نے متفقہ فیصلے کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا دورۂ زمبابوے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایمریٹس ایئرلائنز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آفیشل ایئرلائن ہے، ابتدائی طور پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو 21 فروری کو زمبابوے سے وطن لوٹنا تھا۔ دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 9 فروری کو ہرارے میں کھیلا گیا تھا اور سیریز کا دوسرا میچ 12 فروری کو کھیلا جانا تھا۔
تازہ ترین سفری پالیسی کے تحت ایمریٹس ایئرلائنز نے 13 سے 28 فروری تک ہرارے سے دبئی تک اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے، جس کے بعد دونوں بورڈز کے اعلیٰ عہدیداران نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 12 فروری کو ہرارے سے وطن روانہ ہوجائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کے بعد ہمارے لیے دورہ ختم کرنے کا یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا تاہم ایمریٹس کی جانب سے 13 سے 28 فروری تک ہرارے سے دبئی کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کرنے کے فیصلے کے بعد ہمیں اگلے 24 گھنٹے کے اندر اپنی ٹیم کو وہاں سے وطن واپس لانا تھا۔
وسیم خان نے کہا کہ ہم اس موقع پر تعاون کرنے اور صورت حال کو سمجھنے پر زمبابوے کرکٹ کے شکر گزار ہیں، پُرامید ہیں کہ ہم اب کسی موقع پر اس اضافی دورے کو ضرور مکمل کریں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو فیوچر ٹور پروگرام کے تحت اپریل میں زمبابوے کا دورہ کرنا ہے۔ 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل یہ سیریز ابھی تک اپنے ابتدائی پلان کے مطابق شیڈول ہے، تاہم پی سی بی اس دوران کووڈ 19 کی صورت حال اور فلائٹ آپریشن کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کو 17 اپریل کو بلاوایو روانہ ہونا ہے۔