اسلام آباد: پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ مقابلے ملک میں کیوں نہیں دکھائے جاسکیں گے، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وجہ بیان کردی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز ٹی وی رائٹس کی وجہ سے پاکستان میں نہیں دکھائی جاسکے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ايشيا کے تمام کرکٹ مقابلوں کے رائٹس بھارت کے پاس ہيں۔ اس لیے پاکستان اور انگلينڈ کی سيريز پاکستان ميں نہيں دکھا پائيں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابينہ نے بھارتی کمپنی سے پی ٹی وی کو معاہدہ کرنے کی منظوری نہيں دی ہے اور پاکستان بھارت سے کوئی کاروبار نہيں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب سے پاکستان کوئی بھی کرکٹ سيريز نہيں دکھا سکے گا۔ اس فيصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ٹی وی کو نقصان ہوگا لیکن اس کا کوئی متبادل نہيں ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز اگلے ماہ کھیلی جائے گی۔