میساچیوسٹس: صحت کو ہزارہا نعمتوں سے بہتر قرار دیا جاتا ہے، صحت مند طرزِ زندگی ہمیں بڑی حد تک دائمی امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ غذا میں قریباً دو پیالی انگوروں کا استعمال جگر پر موجود چکنائی کو کم کرتا اور عمر دراز کرتا ہے۔
تجربات کے تواتر میں چوہوں کو چکنائی سے بھرپور غذا کھلائی گئی۔ ساتھ ہی چھوٹے سے برتن میں روزانہ انگور کا سفوف بھی دیا گیا۔ نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ ان چوہوں کے جگر پر چربی کم تھی اور وہ اپنے ساتھی چوہوں کی نسبت زیادہ عرصہ زندہ رہے تھے۔
چکنائی سے بھرپور غذاؤں میں انگوروں کے اضافے سے اینٹی آکسیڈنٹ جینز کی سطح میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور اس سے قدرتی موت جلدی نہیں آتی۔
ویسٹرن نیو انگلینڈ یونیورسٹی کالج آف فارمیسی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈین جان پیزوٹو کی رہنمائی میں کی جانے والی تحقیق اس بات کا تعین کیا گیا کہ آیا انگور چکنائی سے بھرہور مغربی غذا کے اثرات کا مقابلہ کر سکتے ہیں کہ نہیں۔
پروفیسر پیزوٹو کا کہنا تھا کہ تحقیق میں سامنے آنے والی تبدیلی کا تعلق انسان کی چار سے پانچ سال کی زندگی میں اضافے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ماہرین متفقہ طور پر پھل اور سبزیوں کو صحت کے لیے بہتر قرار دیتے اور ان کے استعمال سے امراض کو خود سے دُور رکھا جاسکتا ہے۔