واٹس ایپ، پیغامات سات روز میں ازخود غائب ہونے کا نیا آپشن!

لندن: پیغامات کے لیے واٹس ایپ نے ایک نیا آپشن پیش کیا ہے، جس میں بھیجنے اور وصول کرنے والے کے فون سے پیغامات ازخود سات روز میں غائب ہوجاتے ہیں۔
فیس بک نے اس کے لیے ’ڈس اپیئرنگ میسیجز‘ کا آپشن پیش کیا ہے جسے دو ارب صارفین کی گفتگو خفیہ رکھنے کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ آپشن اس ماہ کے آخر تک تمام صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ اپنے ایک بلاگ میں واٹس ایپ انتظامیہ نے کہا ’سات دن بعد میسج ازخود ختم ہونے کے آپشن کے تحت دماغی سکون ہوگا کہ متن برقرار نہیں رہے گا۔‘ تاہم صارفین چاہیں تو ٹیکسٹ اور تصاویر کے اسکرین شاٹ محفوظ رکھ سکیں گے، لیکن یہ آپشن منتخب کرتے ہی پیغامات سات روز تک ہی دیکھے جاسکیں گے۔
اسی طرح واٹس ایپ کے کسی گروپ کے ایڈمن کے پاس یہ آپشن ہوگا کہ وہ اسے ڈیلیٹ کرسکے اور یوں ہر انفرادی اکاؤنٹ کے ساتھ اس آپشن کو آن یا آف کیا جاسکے گا۔
اس آپشن کے بعد سے اگلے نئے پیغامات سات روزہ مہمان ہوں گے جبکہ پرانے پیغامات برقرار رہیں گے۔ تاہم ہر دوست یا فرد کے رابطے کے ساتھ انفرادی طور پر یہ آپشن کھولا یا بند کیا جاسکتا ہے۔

WhatsApp