ووٹ کی عزت کو شکست تسلیم نہ کرنے والوں سے شدید خطرہ ہے، شیخ رشید

کراچی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ووٹ کی عزت کو الیکشن میں شکست تسلیم نہ کرنے والوں سے شدید خطرہ ہے اور فوج کے خلاف بات کرنے والے لوگ وزیراعظم کی مخالفت نہیں خدمت کرتے ہیں۔
کراچی میں سرکلر ریلوے کی افتتاحی تقریب سے وزیر ریلوے شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال بعد کے سی آر چلنے والی ہے، سارا کریڈٹ چیف جسٹس، عمران خان، سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے کے ملازمین کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت بڑا قبضہ مافیا ریلوے ٹریک پر قابض ہے، جتنا بھی کراچی میں قبضہ ہے ایک سال میں ختم کرائیں گے، ہمیں قبضہ ختم کرانے کے لیے سیاسی سپورٹ نہیں مل رہی، ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے والے پچیس سال بعد یہ ماننے کو تیار نہیں کہ زمین ریلوے کی ہے، لوگ ٹرین کے تولیے اور صابن بھی چرالیتے ہیں، ڈسٹری بیوشن وال سب سے زیادہ چوری ہوتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایک سال کے اندر سرکلر ریلوے کو مکمل ماڈرن کردیا جائے گا، سندھ حکومت نے اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا ٹینڈر ایف ڈبلیو او کو دے دیا ہے، جیسے جیسے پھاٹک اور اوور پاس تعمیر ہوں گے ٹریک بڑھتا رہے گا، کے سی آر کی بحالی میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے سیاسی سپورٹ نہیں مل رہی، سندھ حکومت کو مکمل تعاون فراہم کررہے ہیں، کراچی سے میرپور خاص مہران ایکسپریس بھی چلانے جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ن لیگ میں سمجھ ہوتی وہ اپنے بیانیے پر غور کرتی، شبر زیدی پر الزام سے پہلے مولانا فضل الرحمان کو سوچنا چاہیے تھا، مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں ن لیگ والے آپ کوخراب کریں گے، جو فوج کے خلاف بات کرتا ہے وہ وزیراعظم عمران خان کی خدمت کرتا ہے مخالفت نہیں کرتا، پوری دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں الیکشن ہارنے والا اپنی شکست تسلیم کرہی نہیں رہا، ووٹ کی عزت کو شدید خطرہ ہے انہی لوگوں سے جو ہارنے کے بعد ہار تسلیم نہیں کرتے۔

KCRShaikh Rasheed