سندھ میری جان: وائس آف سندھ کی زیر تکمیل شارٹ فلم کے ریڈنگ سیشن کا اہتمام

کراچی: وائس آف سندھ کے تحت سندھ کلچرل ڈے سے متعلق زیر تکمیل شارٹ فلم سندھ میری جان کے اسکرپٹ کی ریڈنگ کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وائس آف سندھ کے تحت سندھ کلچرل ڈے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ اس ضمن میں اسٹوری آف انڈس سویلائزیشن کے خصوصی پروگرام، سندھ کی ممتاز شخصیات پر پروفائل ویڈیوز کے ساتھ شارٹ فلم سندھ میری جان کی تیاری بھی جاری ہے۔

آج وائس آف سندھ کے دفتر میں پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون کی سربراہی میں اسکرپٹ کے ریڈنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر معروف اینکر اور شارٹ فلم میں اہم کردار ادا کرنے والی ناجیہ میر بھی موجود تھیں۔
اقبال خورشید نے شارٹ فلم کا اسکرپٹ پڑھا، جس کے بعد ٹیم ارکان کے درمیان اس کی شوٹ کے مراحل زیر بحث آئے۔

یہ شارٹ فلم ڈاکٹر عمیر ہارون کی پیش کش ہے، جو اس سے قبل جناح تم درست تھے، اے پاک وطن، تاریخ کے مسافر اور ستاروں سے آگے پیش کرچکے ہیں۔
سیشن میں فواد رضا، احسن لاکھانی، مہروز، دانش شیخ، اسامہ چوہدری، ارباز اور دیگر بھی شریک ہوئے، اس موقع پر کورونا ایس او پیز کی پاسداری کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ یہ شارٹ فلم 6 دسمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر پیش کی جائے گی۔