واشنگٹن: بھارت میں آج کل جو کچھ ہورہا ہے، جو ناانصافی اور اقلیتوں سے ناروا سلوک پروان چڑھ رہا ہے، اس سمیت جتنی خرابیاں بھارتی سماج میں پائی جاتی ہیں، انتہاپسندی کی جو تباہ کاریاں ہیں، اُن سب سے بھارتی اداکار اور کامیڈین ویر داس نے پردہ اُٹھادیا۔
واشنگٹن میں اپنے شو کے دوران کامیڈین ویرداس نے بھارت کا اصل اور مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کینیڈی سینٹر میں ہونے والے ایک شو میں ویرداس نے نظم ’میں دو انڈیا سے ہوں‘ پڑھ کر بھارتیوں کو آئینہ دکھایا اور بھارت میں پائے جانے والے متضاد سماجی رویوں پر طنز کرتے ہوئے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔
نظم پڑھتے ہوئے ویرداس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، بھارت میں ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کامیڈین ویرداس شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
ویرداس کی ویڈیو پر ممبئی پولیس کو شکایات بھی موصول ہوئیں، دوسری جانب ویسٹرن انڈین سنی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر بی این تیواڑی کا کہنا ہے کہ ویرداس کو کسی بھی پلیٹ فارم پر کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، پروڈیوسر ویرداس کے ساتھ اشتراک یا کام نہ کریں۔
اس کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر کپل سیبال ویرداس کی حمایت میں سامنے آگئے اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دو طرح کے انڈیا ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ دنیا کو اس کا پتا چلے، کیوں کہ ہم میں عدم برداشت ہے اور ہم منافق بھی ہیں۔