امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربام کا دورہ حیدرآباد، پاک امریکا مستحکم تعلقات کا مظہر

کراچی: کراچی قونصل خانے میں تعینات امریکی سفیر اسکاٹ اربام نے حیدرآباد کا سرکاری دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے سرکاری عہدیداروں، نوجوانوں، تعلیمی رہنماؤں، کاروباری برادری کے اراکین اور امریکی حکومت سے وابستہ عوامی سفارت کاری پروگرام کے گریجویٹس سے ملاقاتیں کیں۔


اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
جام شورو کے دورے کے دوران، قونصل جنرل اربام نے پاک۔ امریکا المنائی نیٹ ورک کی ایک ملاقات میں شرکت کی اور سینئر المنائی اراکین سے ملاقات کی۔ اس تقریب میں امریکی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے سماجی اور تعلیمی تبادلہ کے پروگراموں کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا گیا اور المنائی نیٹ ورک کی قیادت میں جاری مختلف منصوبوں کی کارکردگی کو سراہا گیا، جو اقتصادی ترقی، عوامی تحفظ، اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر اربام نے کہا، جامشورو کے المنائی اپنے خیالات کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ یہ افراد امریکی حکومت کی جانب سے جاری کردہ گرانٹس کے ذریعے ٹیکنالوجی سے وابستہ پروگرام ترتیب دے کر سماجی صحت اور تحفظ میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور سائنسی بنیادوں پر مسائل کا حل فراہم کر کے پس ماندہ طبقات کو بہتر مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ ترقی کرسکیں۔


قونصل جنرل اربام نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔ دو سالہ اس پروگرام نے 75 طلبہ کو انگریزی زبان کی مہارتوں کے علاوہ تنقیدی اور ثقافتی سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر اسکاٹ اربام نے کہا، تعلیم کے شعبے میں اس نوعیت کی سرمایہ کاری کے ذریعے، امریکا پاکستان میں طویل مدتی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دے رہا ہے۔


حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد کے موقع پر وہاں کے عہدیداران سے قونصل جنرل نے علاقے کی زرعی اور کاروباری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات کی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔


قونصل جنرل اربام نے شمس العلماء علامہ داؤد پوتہ لائبریری میں قائم لنکن کارنر حیدرآباد میں طلبہ سے ملاقات کی اور بیس بال اور کرکٹ کے ذریعے کھیلوں کی سفارت کاری کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
قونصل جنرل کا یہ دورہ تعلیم، اقتصادی شمولیت اور نچلی سطح تک کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں پاک۔ امریکا تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے— یہ ایسی سفارتی ترجیحات ہیں جو دونوں ممالک کو زیادہ محفوظ، مضبوط، اور خوشحال بناتی ہیں۔

Scott UrbomUS Consul General KarachiVisit Hyderabad