واشنگٹن: امریکا نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرلیا۔
دہشتگردی سے متعلق امریکی حکومت کی سالانہ رپورٹ میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2020 میں پاکستان نے دہشتگردگروپوں کیخلاف اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے مطالبات پورے کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس بھی دہشت گرد حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کے اندر حملے کرنے والے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) عسکریت پسند داعش گروپ اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف کارروائیاں کیں۔
دہشتگردی سے متعلق امریکی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے بانی حافظ سعید سمیت لشکر طیبہ 5 سینئر رہنماؤں کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمات میں سزا سنائی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کو مکمل کرنے کے لئے 2020 میں اضافی پیش رفت کی۔ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے کردار اورکوششوں کی بھی تعریف کی گئی۔
شیئر