کراچی: اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بالآخر ماضی میں پھیلنے والی علیحدگی کی افواہوں کی تصدیق کردی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فرحان سعید نے کہا کہ ان کی شادی میں ایک مشکل وقت آیا جب ان کا رشتہ ایک تکلیف دہ دور سے گزر رہا تھا، تاہم دونوں خاندانوں نے ان کا ساتھ دیا، رہنمائی کی اور ان کی مدد کی۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ رشتے میں احترام اور عزت کی بے حد ضرورت ہوتی ہے اور یہی وہ چیز تھی جس کی وجہ سے ان کا رشتہ قائم رہا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ چاہے شادی میں جتنے بھی مسائل آئے پر ہم نے کبھی عوامی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف کچھ نہیں کہا۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ہر رشتے میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں مگر ہم نے ایک دوسرے کو وقت دیا اور ایک مرتبہ پھر سب کچھ بھلا کر ایک ساتھ جڑ گئے۔
فرحان اور عروہ نے مداحوں کو بھی یہ مشورہ دیا کہ اپنے ہم سفر کی عزت کریں اور اپنا معاملہ آپس میں بات چیت سے سلجھائے کسی کے سامنے اپنے ساتھی کی برائی کرنے سے گریز کریں کیونکہ پیٹھ پیچھے بات کرنے کسی بھی رشتے کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل عروہ حسین اور فرحان سعید کی علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں، تاہم یہ دونوں دوبارہ ایک ساتھ نظر آئے اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئیں۔