وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام میں رابطوں کیلیے اردو رائج!

اسلام آباد: رابطوں کے لیے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے اردو کا نفاذ کردیا، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن کا بھی اجرا کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے اپنی وزارت کی تقاریب میں اردو رائج کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت اور اس کے ماتحت اداروں میں تمام تقاریب کی مکمل کارروائی اردو میں کی جائے۔
وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اپنی تقاریب میں اردو کا نفاذ آئین کی پاسداری کا بہترین نمونہ ہے اور اسی لیے وزارت آئی ٹی میں بھی اردو کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امین الحق نے خواہش ظاہر کی کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے تحت تمام سرکاری محکموں میں بھی اردو نافذ ہو۔ اگرعدالتی کارروائیاں، نوٹسز اور فیصلے بھی اردو میں جاری ہوں تو عوام کے لیے آسانیاں ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 251 ملک کے تمام سرکاری اداروں میں اردو رائج کرنے کا حکم دیتا ہے۔ اردو ہماری قومی زبان اور آپسی رابطے کا مؤثر ذریعہ ہے اور اس کے استعمال میں شرمندگی نہیں ہونی چاہیے۔

Amin ul HaqMinister for IT & TelecomUrdu