کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمر شریف کے وژن پر چلنے اور اسے مزید آگے بڑھانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ عمر شریف کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے اُن کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر شریف سے بہت پیاری یادیں وابستہ ہیں، اُن کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا، عمرشریف نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عمر شریف کے وژن کو آگے بڑھائے گی، اُن کی سماجی خدمات اور کاموں میں صوبائی حکومت معاونت کرے گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ ہر سال 15 اکتوبر یا اس کےبعد گندم ریلیزکرتی ہے ہم پہلی بار حکومت میں نہیں آئے جو ہمیں حکومت چلانے کا علم نہ ہو۔
یاد رہے کہ دو اکتوبر کو طنز و مزاح کے بادشاہ لیجنڈری اداکار عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر امراض میں مبتلا تھے۔ انتقال کے بعد اُن کے جسد خاکی کو پاکستان منتقل کیا گیا، کراچی میں اُن کا نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی کی امامت میں ادا کیا گیا جس کے بعد عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے احاطے میں انہوں آسودہ خاک کیا گیا۔
کامیڈی کے بے تاج بادشاہ کے جنازے میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی تھی۔