ٹرمپ کی تقریب حلف برداری آج، کون کون شرکت کرے گا، تفصیلات جاری

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکا کے صدر کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے، اس حوالے سے منعقدہ تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکا کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھانے جارہے ہیں اور واشنگٹن میں ان کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نومنتخب نائب صدر جے ڈی وینس بھی آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اسٹیج پر موجود ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں سخت سردی اور درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سیلسیئس تک جانے کی پیش گوئی کے باعث حلف برداری تقریب کو کیپیٹل ہل عمارت کے اندر منعقد کیا جارہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق تقریب حلف برداری میں دیگر اہم مہمانوں سمیت سبکدوش ہونے والے صدر جوبائیڈن بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ شریک ہوں گے جب کہ نائب صدر کملا ہیرس بھی تقریب میں موجود ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے سابق صدر جارج بش، بارک اوباما اور بل کلنٹن بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شریک ہونے والوں میں ارجنٹائن کے صدر ہاویئر مائیلی اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی شامل ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں سابق صدور اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے علاوہ ٹرمپ کے اہم ساتھی اور ٹیسلا بانی ایلون مسک بھی شریک ہوں گے۔
حلف برداری میں ایمازون کے بانی چیف بیزوس، سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ سمیت ایپل کے سی ای او ٹم کک بھی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا گیا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی حلف برداری تقریب کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے جب کہ پاکستان سے باہر موجود پی ٹی آئی کے بہت سے رہنماؤں کی بھی حلف برداری تقریب میں شرکت متوقع ہے۔

Donald trumpElected US PresidentTrump's inauguration ceremony today