نیویارک: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیس بک کے مقابلے میں نیا سوشل نیٹ ورک متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’TRUTH Social’ کے نام سے سوشل نیٹ ورک لانچ کروانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا بیٹا ورژن اگلے ماہ متعارف کروایا جائے گا، جس میں مخصوص افراد کو دعوت دی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ پلیٹ فام ان بڑی ٹیکنالوجی فرمز کے خلاف آواز بلند کرنے کا مؤثر ذریعہ ہوگا جو امریکا میں مخالفین کی آواز کو خاموش کرواتے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس متعارف کروانے کا ارادہ بھی ہے۔
دھیان رہے کہ سوشل میڈیا نے ٹرمپ کے صدر بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور صدر بننے کے بعد سوشل میڈیا ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا کمیونی کیشن کا اہم ترین ذریعہ تھا۔
ٹرمپ کے دور صدارت میں سوشل میڈیا کمپنیوں پر اشتعال انگیز اور گمراہ کن بیانات کے باعث ٹرمپ کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کے لیے بہت زیادہ دباؤ تھا۔
تاہم انتخابات میں ناکامی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب کیپٹل ہل کی عمارت پر ہلہ بولے جانے کے بعد ٹرمپ کے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔
گزشتہ برس ٹویٹر اور فیس بک نے غلط معلومات فراہم کرنے والی پوسٹیں ہٹانا شروع کیں اور پھر صدارتی انتخابات میں بغیر ثبوتوں کے دھاندلی کے الزامات لگانے اور عوام کو فسادات پر اُکسانے کے بیانات کے باعث سوشل میڈیا کمپنیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
سماجی ذرائع ابلاغ کے اکاؤنٹس بند ہونے کے بعد ہی ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ فیس بک کے مقابل اپنا سوشل نیٹ ورک لانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔