تہران: صدر ٹرمپ کی سبکدوشی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کے سب سے بڑے بدمعاش اور قانون شکن کی صدارت کا دور ختم ہونے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر حسن روحانی نے کابینہ سے ٹیلی کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن کے امریکا کا نیا صدر بننے پر زیادہ پُرجوش نہیں، تاہم ٹرمپ کی رخصت پر مسرت ضرور ہے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دہشت گرد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص اخلاقی اور انسانی اصولوں سے کتنا محروم ہے۔ جس نے بہت سارے مظالم کیے، جو ایک قاتل تھا اور جس نے ہماری کورونا ویکسین کی کوششوں کو بھی نہیں بخشا۔
ایران کو دیگر خلیجی ممالک کے برعکس کورونا وبا کی بڑی شدت کا سامنا ہے اور وہ عالمی ادارہ صحت سے ویکسین کی خریداری کا منصوبہ بھی رکھتا ہے، تاہم ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس منصوبے کے آڑے آتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست ہوئی جب کہ مسند صدارت کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے فتح حاصل کی اور وہ آئندہ ماہ عہدے کا حلف اُٹھا لیں گے۔