ٹرمپ جوبائیڈن کو اقتدار منتقل کرنے پر راضی!

واشنگٹن: ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے جوبائیڈن کو اقتدار کی منتقلی پر رضامندی ظاہر کردی، جس کے بعد وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ضروری کارروائی کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق الیکشن میں شکست کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دینے اور مخالف جماعت پر انتخابات چرانے کا الزام عائد کرکے عدالت سے رجوع کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جوبائیڈن کو اقتدار منتقلی پر رضامند ہوگئے۔
امریکی جنرل سروس ایڈمنسٹریشن نے صدر ٹرمپ کی اقتدار منتقلی کے عمل پر رضامندی کے اظہار سے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب اقتدار کی منتقلی کا عمل باضابطہ طور پر شروع کیا جاسکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے صدارتی الیکشن میں اپنی شکست کو تاحال اعلانیہ قبول نہیں کیا، تاہم اقتدار کی منتقلی کے عمل کے آغاز سے ثابت ہوتا ہے کہ پہلی بار صدر ٹرمپ کی شکست کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔
قبل ازیں صدر ٹرمپ اقتدار کی منتقلی کے لیے رضامند نظر نہیں آتے تھے اور نہ ہی انہوں نے جوبائیڈن کو جیت کی مبارک باد دی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ انہیں راضی کرنے کی ان کے اہل خانہ اور دوستوں کی کوششیں بارآور ثابت ہوگئیں۔

Joe bidenTrump