پاکستان میں بدعنوانی میں اضافہ ہوا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں 180 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 124 واں نمبر آیا ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق کرپشن رینکنگ میں پاکستان کی گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 درجے تنزلی ہوئی، 2019 میں کرپشن سے متعلق اس فہرست میں پاکستان کا رینک 120 تھا۔ گزشتہ سال کرپشن کے خلاف پاکستان کا اسکور ریٹ 31 رہا جب کہ بھارت کرپشن کے خلاف 40 اسکور کے ساتھ 86ویں نمبر پر رہا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں صومالیہ اور جنوبی سوڈان کرپٹ ترین ملک قرار دیے گئے، نیوزی لینڈ اور ڈنمارک کرپشن کے خلاف 88 اسکور کے ساتھ پہلے نمبر رہے۔ کینیڈا اور برطانیہ 77 پوائنٹس اسکور کے ساتھ 11 ویں، امریکا 67 پوائنٹس کے ساتھ 25ویں نمبر پر رہا۔ سنگاپور کا اسکور 85، برطانیہ کا 77، یو اے ای کا 71 رہا۔
چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر سہیل مظفر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس میں نیب نے کرپشن کے 365 ارب روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا، لیکن اس کے باوجود پاکستان کا رینک 124 ہوا۔

PakistanRankingtransparency international