قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ آج آرام کرے گا، ایک روز آرام کے بعد کل قذافی اسٹیڈیم میں اسکواڈ دوسرا سینیاریو میچ کھیلے گا جبکہ آج ہوٹل میں پاکستان اسکواڈ کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہوگی۔
علاوہ ازیں لگاتار تیسرے روز اسکواڈ میں شامل کسی کھلاڑی کی ورچوئل پریس کانفرنس نہیں ہورہی، اسکواڈ ارکان کی ورچوئل پریس کانفرنس کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میڈیا ایڈوائزری جاری کی تھی۔
صرف محمد رضوان اور حسن علی کی ورچوئل پریس کانفرنس ہوئیں، حسن علی کی پریس کانفرنس کے بعد سلسلہ روک دیا گیا۔
پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوگی، قومی اسکواڈ کی جمعے کی صبح روانگی شیڈیولڈ ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹرز نے دو ٹریننگ سیشنز کے بعد گزشتہ روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سینیاریو میچ کھیلا۔
اس میچ میں قومی بولرز کا قومی بیٹرز پر پلہ بھاری رہا، نہ ٹاپ آرڈر کو ٹارگٹ تک پہنچنے دیا، اور نہ ہی مڈل آرڈر کو ہدف پورا کرنے کا موقع ملا۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا