پشاور: عدالت عالیہ نے ٹک ٹاک ایپلی کیشن آج سے بند کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ڈی جی پی ٹی اے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزار وکیل پیش ہوئے۔ چیف جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن بند کرنے سے ان کو نقصان ہوگا؟ جس پر ڈی جی پی ٹی اے نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، ان کو نقصان ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے نے کہا کہ ٹک ٹاک عہدیداروں کو درخواست دی لیکن ابھی مثبت جواب نہیں آیا۔
چیف جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے، جو ویڈیو اپ لوڈ ہوتی ہیں یہ معاشرے کو قابل قبول نہیں۔ اس سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں، ایپلی کیشن سے متعلق جو رپورٹ ملی، وہ افسوس ناک ہے۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ جب تک ٹک ٹاک حکام تعاون نہیں کرتے، ایپلی کیشن کو بند کردیا جائے۔