برلن: جرمن ٹی وی کی اینکر میلیسا چان جنہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے انٹرویو میں سخت سوال کیے، کو قتل اور زیادتی کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
اس ضمن میں مطلع کرتے ہوئے جرمن ٹی وی اینکر میلیسا چان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں پہلے سوشل میڈیا پر ریپ اور قتل کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں۔ دھمکیاں ملنے کے بعد ٹوئٹر پر کمنٹس کا سیکشن بند کردیا ہے۔ جنسی زیادتی اور قتل کی دھمکیوں سے نمٹنے کا یہی ایک طریقہ تھا کہ میں ٹوئٹر پر کمنٹس بند کردوں۔
جرمن اینکر نے انٹرویو میں عمران خان سے سوال کیا تھا کہ آپ کو تحریک عدم اعتماد کے باعث اقتدار سے محروم ہونا پڑا اور اب آپ اقتدار میں واپسی کے لیے شہرت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے دارالحکومت کی طرف مارچ کررہے ہیں۔ کیا آپ خود کو امریکی صدر ٹرمپ اور برازیل کے بلسونیرو اور فلپائنی روڈریگز ڈوٹیرٹے کی فہرست میں سمجھتے ہیں؟
عمران خان کا جواب میں کہنا تھا کہ ان کی حکومت الیکشن نہیں آکشن کے ذریعے ہٹائی گئی۔ اپنے دور میں قانون کی حکمرانی نافذ نہیں کرسکا، جس پر افسوس ہے۔