وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روزکراچی میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے پر سیاسی مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے کراچی میں صرف شو کیا، ایسا شو جس میں کوئی پاور نہیں تھی۔
کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہ ہو سکا، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی مثال سب کے سامنے ہے۔
فواد چوہدری نے اپنی گفتگو میں مسلم لیگ ن کے صدر کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شہبازصاحب ! مہنگائی اس لیے ہوئی کہ آپ کے بھائی، داماد اور صاحبزادے عوام کی جیب کاٹ کر لندن چلے گئے۔
انھوں نے کہا کہ 3 دہائیوں سے اقتدار پر مسلط خاندان کراچی کی ابتری اور سندھ کی بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران جلسوں کی صورت میں قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے، اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے کھیلتی رہے گی؟ کوئی شک نہیں سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم نے قائد اعظم کے مزار کے سامنے باغ جناح میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ یہ پی ڈی ایم کا پیپلزپارٹی کے بغیر کراچی میں پہلا پاور شو تھا