واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہل خانہ نے ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے 100 سے زائد بیرون ملک سے ملنے والے تحائف بغیر اندراج کرائے غیر قانونی طور پر ہڑپ کرلیے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس امر کا انکشاف ایک تحقیقاتی رپورٹ میں ہوا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ، بیٹی اور داماد سعودی عرب سے ملنے والی قیمتی تلواریں اور بھارت سے ملنے والے بیش بہا زیورات سمیت دیگر ممالک سے ملنے والے مہنگے تحائف حکومت کو پیش کرنے میں ناکام ہوگئے۔
ٹرمپ کے اہل خانہ کو بھارت کی جانب سے بھی 17 تحائف دیے گئے تھے، جن میں 8,500 ڈالر کا گلدان، تاج محل کا 4,600 ڈالر کا ماڈل، 6,600 ڈالر کا قالین اور 1,900 ڈالر کے کف لنک شامل تھے۔
امریکا کی نئی حکومت نے سابق صدر کے دور میں ملنے والے قیمتی تحائف کا ڈیٹا جمع کیا تو 100 سے زائد تحائف گمشدہ نکلے۔ جس پر ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات کیے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف خود بلکہ ان کے اہل خانہ نے بھی تحائف غائب کردیے۔
اپنی ممکنہ گرفتاری اور احتساب سے پریشان ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن جماعت کے کارکنان کو اپنی ڈھال بنانے کی کوشش کی اور گرفتاری کی صورت میں بھرپور احتجاج کی کال دی ہے۔
خیال رہے کہ ری پبلکن جماعت کے سربراہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 سے 2021 تک امریکا کے 45 ویں صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، تاہم وہ 2022 کا صدارتی الیکشن ہار گئے تھے۔