آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کا سپر 12 مرحلہ آج سے شروع ہوگا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کا سپر 12 مرحلہ آج سے شروع ہوگا، آج ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 کے مرحلے میں آج دو میچز کھیلے جائے گے، پہلے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے دوپہر 3 بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ سے شام 7 بجے ہوگا۔
سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود تھیں، گزشتہ روز ختم ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ ختم ہونے کے بعد مزید 4 ٹیمیں دونوں گروپس میں شامل ہوئی ہیں۔
سری لنکا، بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کی ٹیموں نے کوالیفائنگ راؤنڈ سے سپر 12 میں کوالیفائی کیا ہے۔
گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا شامل ہیں۔

The Super 12 stage of ICC Men's T20 World Cup 2021 will start from today